Branch cabbage save humans from mental illnesses like Schizophrenia 6

شاخ گوبھی دماغی بیماریوں سے بچا سکتی ہے

نیویارک کی جان ہاپکنزیونیورسٹی اور دیگر اداروں کے ماہرین نے شاخ گوبھی پرکافی عرصے تک ریسرچ کرنے کے بعد کہا ہے کہ شاخ گوبھی (بروکولی) انسانی دماغ میں پائے جانے والے حساس کیمیکلز کے پورے نظام کو متوازن رکھنے کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے امراض سے بھی بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جن میں شیزوفرینیا اوردیگراقسام کی دماغی بیماریاں شامل ہیں۔ ریسرچ کر نے والی یونیورسٹی کے پروفیسر آکیرا ساوا کا کہنا ہے کہ شاخ گوبھی میں موجود سلفورافین ایسے لوگوں کے لیے بہترین سپلیمنٹ ثابت ہوسکتا ہے جو شیزوفرینیا مرض میں مبتلا ہیں یا اس کے دھانے پر ہوں۔ شاخ گوبھی انہیں اس ہولناک مرض سے محفوظ رکھنے میں بہت کارآمد ہے۔

شیزوفرینیا کے امراض میں مبتلا افراد عجیب قسم کے رویے، وہم، دھوکے، پریشان خیالی اور ازخود باتیں کرنے جیسی حرکات کا شکار ہوتے ہیں۔ اس قسم کی کیفیت اس مریض کے اہلِ خانہ کے لیے اورخود مریض کے لئے بھی بہت اذیت ناک ہوتی ہے۔ شیزوفرینیا کے امراض میں مبتلا افرد کے دماغ میں ایک کیمیکل گلوٹامیٹ دیگرانسانوں کی نسبط 4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ عام طور پر یہ کیمیکل دماغی نیورونز کے درمیان سگنل بھیجنے اور وصول کرنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ شیزوفرینیا کے مریضوں میں ایک اور کیمیکل گلوٹاتھائیون بھی کم ہوجاتا ہے۔ اس مرض کے شکار افراد کبھی کبھی بہت خطرناک بھی ہو جاتے ہیں کیونکہ انھیں اپنے خیالات میں جو لگتا ہے وہ اسی کو سچ سمجھ رہے ہوتے ہیں۔

جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس رپورٹ میں شیزوفرینیا کے امراض میں مبتلا 81 افراد اور91 ہی صحت مند افراد کو شامل کیا گیا جن کی لگ بگ عمر 22 سال تھی اور ان میں 58 فیصد مرد اور42 فیصد خواتین تھی۔ ان کے دماغ کا معائنہ کرتے ہوئے مقناطیس اور میگنیٹک ریزوننس اسپیکٹروسکوپی (ایم ایس آر) کی جدید مشینوں کو استعمال کیا گیا۔ جس کے بعد ماہرین اس نتیجہ پرپہنچے کہ شاخ گوبھی انسانی دماغ کے لئے کتنی مفید ہے۔ اس کے بعد اگلے مرحلے میں انسانوں کے ساتھ ساتھ چوہوں کو بھی سلفورافین کے کیپسول دئیے گئے تو انسانوں میں تو گیس اور بدہضمی کی شکایات پیدا ہوئیں لیکن حیرت انگیز طور پرانسانوں اور چوہوں دونوں کے دماغ میں گلوٹا تھائیون اور گلوٹامیٹ کی مقدار رفتہ رفتہ بڑھنے لگی اور صرف چند ہفتوں بعد ہی اس میں زبردست طور پر مفید اضافہ ہوا۔ جہاں تک شیزوفرینیا کے مریضوں کا تعلق تھا ان میں مرض کے دورے کی شرح بھی کم دیکھی گئی اور وہ بہتر ہوتے پائے گئے۔

شاخ گوبھی یا بروکولی اب پاکستان میں بھی دستیاب ہے جس میں موجود کیمیکل سلفورافین دماغ کو تقویت دیتا ہے اورساتھ ساتھ دماغ کے کیمیائی اجزا کو منظم بھی رکھتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں